منڈی بہاءالدین: ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس، اسلام آباد خودکش حملے کی شدید مذمت

منڈی بہاءالدین، (ڈاکٹر شاہد راٹھور سے) ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید عبدالرحیم شیرازی کی زیر صدارت ڈی سی آفس میں ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں امن کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امام بارگاہ پر ہونے والے خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔

شرکاء نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور شہداء کے بلند درجات جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر اور ڈی پی او سید عبدالرحیم شیرازی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے باہمی اشتراک سے ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے اور کسی کو بھی امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اجلاس کے شرکاء کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے عبادت میں مصروف بے گناہ نمازیوں کو نشانہ بنا کر ناحق خون بہایا جو انسانیت اور انسانی اقدار پر کھلا حملہ ہے۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں اور ایسے بزدلانہ حملے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔

اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ ملکی سلامتی کے ادارے دہشت گردوں کو جلد کیفر کردار تک پہنچائیں گے اور دہشت گردی کے ناسور کو وطن عزیز سے مکمل طور پر ختم کیا جائے گا، جبکہ ضلع بھر میں امن و امان، باہمی رواداری اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

Exit mobile version