اکتوبر 30, 2026

اسلام آباد حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں ہوئی، ماسٹر مائنڈ گرفتار، بھارت فنڈنگ کر رہا ہے: محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والے خودکش حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں کی گئی جبکہ حملے کا مبینہ ماسٹر مائنڈ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی حراست میں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سی ٹی ڈی نے واقعے سے منسلک تمام افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نوشہرہ اور پشاور سے چار سہولت کاروں کو گرفتار کیا گیا ہے اور سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا نے اس کارروائی میں بھرپور مدد فراہم کی۔ ان کے مطابق گرفتار ماسٹر مائنڈ کا تعلق کالعدم داعش سے ہے اور حکام کے پاس ٹھوس شواہد موجود ہیں کہ حملہ آور کو کیسے لایا گیا اور اسے کہاں تربیت دی گئی۔
محسن نقوی نے دعویٰ کیا کہ حملہ آور کو افغانستان میں تربیت دی گئی اور دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے بیرونی فنڈنگ بھی کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی مالی معاونت بھارت کر رہا ہے اور اس مقصد کے لیے اپنا بجٹ بھی بڑھایا گیا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک حالتِ جنگ میں ہے اور عوامی سطح پر کمیونٹی انٹیلی جنس انتہائی اہم ہے۔ ان کے مطابق افغانستان سے متعدد دہشت گرد تنظیمیں سرگرم ہیں جبکہ سکیورٹی اداروں نے کئی ممکنہ حملے ناکام بھی بنائے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سوشل میڈیا پر دہشت گرد عناصر کے زیر استعمال اکاؤنٹس کے خلاف بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے سکیورٹی چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے داخلی راستوں کی بڑی تعداد اور محدود وسائل کے باعث فورسز کو مشکلات کا سامنا ہے تاہم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔