بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس سے متعلق فوجداری درخواستیں سپریم کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی ہیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں کارروائی مکمل ہونے کے بعد کیس دوبارہ سپریم کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر کیا گیا ہے۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ درخواستوں کی سماعت کرے گا، جبکہ جسٹس شاہد بلال حسن بھی بینچ کا حصہ ہوں گے۔ کیس کی سماعت 9 فروری کو ہوگی۔
یاد رہے کہ ٹرائل کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو توشہ خانہ کیس میں تین سال قید کی سزا سنائی تھی، جسے بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے معطل کر دیا تھا۔ عمران خان کو الیکشن ایکٹ کی دفعات 167 اور 173 کے تحت سزا دی گئی تھی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ نے ہائیکورٹ کے ریمانڈ حکم اور ہدایات کو نظرانداز کرتے ہوئے فیصلہ سنایا، جو قانونی اختیار سے تجاوز ہے، لہٰذا ٹرائل کورٹ کی کارروائی کو غیر قانونی قرار دیا جائے۔
واضح رہے کہ ہائیکورٹ میں سزا معطلی کی درخواست زیر سماعت ہونے کے باعث سپریم کورٹ نے اگست 2023 میں سماعت مؤخر کر دی تھی۔





