مظفرآباد (نامہ نگار) سربراہ پاک فوج فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ کشمیر جلد آزادی کی نئی صبح دیکھے گا جو اہلِ کشمیر کی اجتماعی خواہش اور ان کا مقدر ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مظفرآباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جموں و کشمیر یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور پھول رکھ کر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے تحریکِ کشمیر کے شہداء کی جرأت، قربانیوں اور بے لوث جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ بھارتی ریاستی جارحیت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کشمیری عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکیں۔ ہندوتوا نظریے پر مبنی پالیسیوں کے باوجود کشمیریوں کی جدوجہد پہلے سے زیادہ مضبوط ہوئی ہے۔
ممتاز شخصیات اور سابق فوجیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا اور عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر بھرپور انداز میں اجاگر کرتا رہے گا۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کی حمایت کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے اگلی صفوں کا بھی دورہ کیا، وہاں تعینات افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور فرض شناسی کو سراہا۔ انہوں نے آپریشنل تیاریوں اور ہر سطح پر مؤثر ہم آہنگی برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی دشمنانہ اقدام کا فوری، مؤثر اور بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں اور روایتی و ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔





