کھاریاں: چوہدری عنصر محمود ایڈووکیٹ کی پریس کلب آمد ، صحافی برادری کی جانب سے پرتپاک استقبال

کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) چوہدری عنصر محمود ایڈووکیٹ، پنڈی سلطان پور، صدر مسلم لیگ (ن) لائرز ونگ یوکے، کی کھاریاں پریس کلب آمد پر صحافتی برادری کی جانب سے پرتپاک اور باوقار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر ایک سادہ مگر پُراثر تقریب منعقد ہوئی جس کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جبکہ معروف نعت خواں سلیم بٹ نے ہدیۂ نعت پیش کیا۔
کھاریاں پریس کلب کے صدر سید تنویر نقوی اور جنرل سیکرٹری آفتاب احمد نذر نے چوہدری عنصر محمود ایڈووکیٹ کو خوش آمدید کہا اور صحافتی برادری کی جانب سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ وائس چیئرمین زمان احسن نے تعارفی خطاب میں کہا کہ اگرچہ چوہدری عنصر محمود ایڈووکیٹ زیادہ تر وقت برطانیہ میں مقیم رہتے ہیں، لیکن ان کا دل ہمیشہ اپنی تحصیل کھاریاں اور اس کے عوام کے ساتھ دھڑکتا ہے۔
اپنے خطاب میں چوہدری عنصر محمود ایڈووکیٹ نے نو منتخب کابینہ اور صدر سید تنویر نقوی کو سال 2026 کے لیے منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور آواز ہوتے ہیں، جن کا مثبت اور تعمیری کردار جمہوریت کے استحکام میں بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔
تقریب کے اختتام پر صدر سید تنویر نقوی نے کہا کہ چوہدری عنصر محمود ایڈووکیٹ کا نام تحصیل کھاریاں کے لیے اعزاز اور وقار کی علامت ہے اور ان کے عوامی فلاحی و ترقیاتی کام پورے علاقے کے لیے قیمتی تحفہ ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عنصر محمود ایڈووکیٹ آئندہ بھی اسی خلوص اور لگن کے ساتھ خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔
اس موقع پر صدر تنویر نقوی، جنرل سیکرٹری آفتاب نذر، سینئر نائب صدر سلیم بٹ، نائب صدر جبار ساگر، وائس چیئرمین زمان احسن، چیئرمین مجلس عاملہ سلیمان، چیئرمین الیکٹرانکس میڈیا جاوید وڑائچ، ڈاکٹر ذکاء اللہ صدیق چئیرمین تربیتی کمیٹی، رضوان لیاقت سیکریٹری اطلاعات، رزاق انصاری، الیاس بٹ اور دیگر موجود تھے۔

Exit mobile version