آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح کیا ہے کہ تشدد اور دہشت گردی کسی بھی جواز کے تحت قابل قبول نہیں اور کوئی دہشت گرد یا اس کا سہولت کار نہیں بخشا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے آج کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہیں موجودہ سکیورٹی صورتحال اور جاری داخلی سکیورٹی آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریاست دشمن عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعلیٰ بلوچستان نے سی ایم ایچ کوئٹہ کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے فوج، ایف سی اور پولیس کے زخمی اہلکاروں کی عیادت کی اور ان کے حوصلے کو سراہا۔
فیلڈ مارشل کی کوئٹہ آمد پر کور کمانڈر کوئٹہ نے ان کا استقبال کیا۔
خیال رہے کہ بلوچستان میں گزشتہ تین دنوں سے جاری دہشت گردی کے خلاف آپریشن کے دوران فتنہ ہندوستان کے 197 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق مادر وطن اور معصوم شہریوں کی حفاظت کرتے ہوئے پاکستان کے 22 بہادر جوان شہید ہوئے، جبکہ دہشت گردی کے واقعات میں 36 شہری شہید ہوئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔





