سال 2025 میں تقریباً 4 ہزار ڈاکٹر بہتر مستقبل کی تلاش میں پاکستان چھوڑ گئے

سال 2025 میں بہتر مستقبل اور پیشہ ورانہ مواقع کی تلاش میں پاکستان سے ڈاکٹروں کی بڑی تعداد نے بیرونِ ملک کا رخ کر لیا۔ بیورو آف امیگریشن کے اعداد و شمار پر مبنی گیلپ پاکستان کی رپورٹ کے مطابق ملک چھوڑنے والے ڈاکٹرز کی تعداد تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ سال تقریباً 3 ہزار 800 سے 4 ہزار کے درمیان ڈاکٹر پاکستان چھوڑ گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ تین دہائیوں تک بیرونِ ملک جانے والے ڈاکٹروں کی تعداد سالانہ چند سو تک محدود رہی، تاہم 2010 کے بعد اس رجحان میں تیزی آئی اور اب یہ تعداد خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے۔
ماہرین کے مطابق اس اضافے کی بڑی وجوہات میں کام کے ناقص حالات، ترقی کے محدود مواقع، کم مراعات، سکیورٹی خدشات اور بہتر معیارِ زندگی کی تلاش شامل ہیں۔ دوسری جانب عالمی سطح پر طبی ماہرین کی بڑھتی ہوئی طلب بھی پاکستانی ڈاکٹروں کو بیرونِ ملک جانے پر راغب کر رہی ہے۔
صحت کے شعبے سے وابستہ حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر یہ رجحان برقرار رہا تو ملک کے ہسپتالوں اور مریضوں کو سنگین طبی مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

Exit mobile version