سعودی عرب (ادریس احمد سے )سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستانی ڈاکٹرز گروپ ریاض کے زیرِ اہتمام سالانہ تفریحی پروگرام نہایت شاندار اور پُروقار انداز میں منعقد ہوا، جس میں سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد بھی موجود تھی،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیرِ پاکستان احمد فاروق نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی وطنِ عزیز کا قیمتی اثاثہ ہیں، جبکہ پاکستانی ڈاکٹرز پیشہ ورانہ میدان میں اپنی صلاحیتوں کے ذریعے پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز نہ صرف صحت کے شعبے میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں بلکہ کمیونٹی کی فلاح و بہبود اور سماجی سرگرمیوں میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں، جو قابلِ تحسین ہے،اس موقع پر پاکستانی ڈاکٹرز گروپ ریاض کے صدر ڈاکٹر شہزاد ممتاز نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس نوعیت کے تفریحی اور سماجی پروگرام کمیونٹی کو ایک دوسرے کے قریب لانے، باہمی رابطے کو فروغ دینے اور خوشگوار ماحول فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے سفیرِ پاکستان اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ڈاکٹرز گروپ آئندہ بھی ایسے مثبت اور تعمیری پروگراموں کا انعقاد جاری رکھے گا،تقریب میں سعودی عرب میں مقیم مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے پاکستانی ڈاکٹرز، ان کے اہلِ خانہ اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ پروگرام کا بنیادی مقصد کمیونٹی کے درمیان ہم آہنگی، باہمی تعلقات اور سماجی روابط کو مضبوط بنانا تھا،پکنک گالا کے دوران پاکستانی ثقافت کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا۔ شرکاء کے لیے دیسی کھانوں، باربی کیو، بچوں اور بڑوں کے لیے مختلف تفریحی سرگرمیوں، کھیلوں اور معلوماتی کوئزز کا اہتمام کیا گیا، جن میں کامیاب شرکاء کو انعامات بھی دیے گئے۔ شرکاء نے اس خوبصورت اور یادگار پروگرام کو سراہتے ہوئے منتظمین کی کاوشوں کی تعریف کی۔
ریاض میں پاکستانی ڈاکٹرز گروپ کے زیرِ اہتمام سالانہ تفریحی پروگرام، سفیرِ پاکستان احمد فاروق کی خصوصی شرکت
