اسلام آباد (نامہ نگار) دفتر خارجہ نے امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں پاکستان کو شرکت کی دعوت ملنے کی تصدیق کر دی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کو امریکا ایران مذاکرات میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات رواں ہفتے ترکیے کے شہر استنبول میں منعقد ہوں گے، جو بیک ڈور سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہیں، ان کوششوں میں پاکستان اور ترکیے نے اہم کردار ادا کیا۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار مذاکرات میں پاکستان کی نمائندگی کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایرانی حکام نے بھی تصدیق کی ہے کہ امریکا اور ایران کے جوہری مذاکرات جمعے کو ترکیے میں دوبارہ شروع ہوں گے، واضح رہے کہ یہ مذاکرات پانچ ادوار کے بعد مئی 2023 سے تعطل کا شکار تھے۔
علاقائی عہدیدار کے مطابق ان مذاکرات میں سعودی عرب، قطر، عمان، پاکستان، مصر اور متحدہ عرب امارات کو استنبول مدعو کیا گیا ہے۔
ایرانی سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران نہ زیادہ پُرامید ہے اور نہ ہی مایوس، استنبول مذاکرات سے واضح ہوگا کہ امریکا سنجیدہ اور نتیجہ خیز بات چیت چاہتا ہے یا نہیں۔ ایرانی حکام کے مطابق ایران کی دفاعی صلاحیتوں پر کسی قسم کی بات چیت نہیں کی جائے گی اور ملک ہر ممکن صورتحال کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
امریکا ایران مذاکرات میں پاکستان کو شرکت کی دعوت، دفتر خارجہ کی تصدیق
