وزیراعظم سے ملاقات میں عمران خان یا بہنوں سے ملاقات پر کوئی بات نہیں ہوئی، وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے واضح کیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف سے ہونے والی ملاقات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان یا ان کی بہنوں سے ملاقات کے حوالے سے کسی قسم کی کوئی بات نہیں ہوئی۔
وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع کے 2600 ارب روپے رکے ہوئے ہیں، تاہم وزیراعظم نے قبائلی اضلاع کے رکے ہوئے 26 ارب روپے فوری طور پر جاری کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ وادی تیراہ، کرم اور باجوڑ کے عوام مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں اور ان علاقوں کے لیے 4 ارب روپے کی رقم کچھ بھی نہیں، اگر ان قربانیوں کا موازنہ رقم سے کیا جائے تو یہ عوام کی قربانیوں سے انحراف کے مترادف ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم سے ملاقات میں کسی سیاسی معاملے پر بات نہیں ہوئی۔ دہشتگردی سے متعلق سوال پر وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ دہشتگرد کا نہ کوئی صوبہ ہوتا ہے اور نہ ہی کوئی ملک، عید کے بعد وزیراعظم سے دوبارہ ملاقات ہوگی جس میں دہشتگردی کے معاملے پر تفصیلی گفتگو کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پہلے سے کھل کر اپنا مؤقف پیش کر رہی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔

Exit mobile version