گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پاکستان کو چھیڑا گیا تو اس کا سخت جواب دیا جائے گا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت یا دہشت گردی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
گورنر سندھ نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو انتہا پسند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر کسی پاکستانی شہری کو بھارتی ایجنٹس کے ذریعے دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا تو پاکستان خاموش نہیں رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بلوچستان میں کسی پاکستانی بھائی، بہن یا بچے کا خون بہایا گیا تو اس کے سنگین نتائج ہوں گے۔
کامران خان ٹیسوری نے مزید کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر ملک کے دفاع کو یقینی بنایا جائے، اور اس ضمن میں کراچی کے غیور عوام اور نوجوان اپنا کردار ادا کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
