کھاریاں (انصر فاروق مغل) دنیائے کرکٹ کے افق پر جگمگاتے ہوئے روشن ستارے، عالمی شہرت یافتہ کرکٹر اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے وفد کے ہمراہ آزاد کشمیر کے سب سے بڑے فلاحی ادارے چنار فری ڈائلیسز سنٹر برنالہ برانچ کا دورہ کیا۔
ادارے میں ان کے تشریف لانے پر عبدالجمیل جنجوعہ، ریٹائرڈ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کی قیادت میں چنار ٹیم برنالہ کے ممبران اور عمائدین علاقہ نے بھرپور استقبال کیا۔ پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے۔

چوہدری عتیق الرحمن برسالوی نے معزز مہمان کو ادارے کی کارکردگی، ڈونرز کے تعاون، بھمبر، برنالہ اور سماہنی برانچز کے قیام، فری سہولیات کی مسلسل فراہمی اور وسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے کہا کہ یہاں آ کر دلی تسکین حاصل ہوئی کہ یہاں ہر حقیقی معنوں میں انسانیت کی خدمت کا فریضہ انجام دیا جا رہا ہے۔ خوبصورت ماحول میں فری ڈائلیسز کی مسلسل فراہمی ایک معجزہ ہے۔ انہوں نے دنیا بھر میں بسنے والے ڈونرز سے اپیل کی کہ وہ ادارے کی بھرپور معاونت کریں۔
مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے گئے، جبکہ ادارے کی جانب سے مصباح الحق اور معروف سماجی شخصیت بزنس مین نصر اقبال سردار خان کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔
اس موقع پر چنار ٹیم برنالہ کے ممبران نے مصباح الحق کی آمد اور حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کیا۔ اس دوران چوہدری ذوالفقار چاڑ (چیف آفیسر)، ملک زاہد حسین اعوان، چوہدری امجد مرکزی ڈپٹی سیکرٹری، صوبیدار محمد صدیق آزاد مغل، حاجی صغیر مغل، کامران یونس جرال، امجد غزن جرال، ڈاکٹر کرامت حسین، ملک محمد اقبال اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر، عنصر مغل سنگری اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔