ڈنگہ (نامہ نگار) مرزا محمد افضل کی زیر صدارت عبوری مرکزی انجمن تاجران ڈنگہ کے عہدیداران کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں باہمی مشاورت سے کئی اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ عبوری کابینہ ماہِ رمضان کے فوراً بعد، ماہِ اپریل میں ڈنگہ شہر کی مرکزی انجمن تاجران کے الیکشن ’’ون شاپ، ون ووٹ‘‘ کے اصول کے تحت کروائے گی۔
واضح رہے کہ یہ الیکشن ڈنگہ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے باعث تاخیر کا شکار ہو گئے تھے۔ اجلاس میں طے پایا کہ آئندہ چند روز میں الیکشن کمیشن کے حوالے سے اہم مشاورت کی جائے گی، جبکہ الیکشن کمیشن کی تشکیل، انتخابی قواعد و ضوابط اور شیڈول کا بھی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
اجلاس میں سرپرست حاجی محمد نواز گوندل، صدر مرزا محمد افضل، جنرل سیکرٹری عثمان یونس ڈار، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری ڈاکٹر محمد مشتاق مغل، نائب صدر محمد افضل قصاب، کوآرڈینیٹر ماجد علی مدنی، چیئرمین ایگزیکٹو ممبران حاجی منور حسین گل، جوائنٹ سیکرٹری عطا اللہ بٹ، ایگزیکٹو ممبر عبدالحنان قریشی اور سیکرٹری سوشل میڈیا عثمان غنی بھیا نے شرکت کی۔
