دولتِ مشترکہ ممالک کی کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایسوسی ایشن (CPA) کے تحت پانچ روزہ بین الاقوامی کانفرنس 3 فروری سے کراچی میں شروع ہو رہی ہے، جس میں پاکستان سمیت مختلف ممالک کی قانون ساز اسمبلیوں کے 150 سے زائد ارکان شرکت کریں گے۔ کانفرنس میں خطے اور دنیا کو درپیش اہم سیاسی، سماجی اور ماحولیاتی چیلنجز پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔
اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ کے مطابق 3 سے 7 فروری تک سندھ اسمبلی کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایسوسی ایشن ایشیا ریجن کی 7ویں اور ایشیا و جنوب مشرقی ایشیا ریجن کی دوسری مشترکہ پارلیمانی کانفرنس کی میزبانی کرے گی۔ اس کانفرنس میں پاکستان، سری لنکا، مالدیپ، ملائیشیا سمیت 17 قانون ساز اداروں سے تعلق رکھنے والے ارکانِ پارلیمنٹ، اسپیکرز، ڈپٹی اسپیکرز اور پارلیمانی ماہرین شریک ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ انٹرنیشنل کانفرنس کا عنوان “مستقبل کی پارلیمنٹ: اعتماد، شمولیت، جدت اور امن کے ذریعے جمہوریت کی نئی تعریف” رکھا گیا ہے۔ کانفرنس کے دوران امن اور جمہوری اعتماد، پارلیمانی تعلیم، جعلی خبریں، مصنوعی ذہانت اور غلط معلومات، موسمیاتی تبدیلی، ماحولیاتی قانون سازی، صنفی مسائل، ٹیکنالوجی اور آن لائن ہراسانی جیسے اہم موضوعات پر مختلف سیشنز منعقد ہوں گے۔
کانفرنس سے کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل اسٹیفن ٹوِگ، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی خطاب کریں گے۔
