ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا ردعمل سامنے آ گیا ہے۔ آئی سی سی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ اس نے حکومتِ پاکستان کے اس بیان کا نوٹس لیا ہے جس میں پاکستان ٹیم کی ورلڈ کپ میں شرکت سے متعلق ہدایات دی گئی ہیں۔
آئی سی سی کے مطابق وہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے باضابطہ فیصلے سے آگاہ ہونے کا منتظر ہے، تاہم یہ مؤقف ایک ایسے عالمی کھیلوں کے ایونٹ کے بنیادی تصور سے مطابقت نہیں رکھتا جہاں تمام کوالیفائی کرنے والی ٹیموں سے طے شدہ شیڈول کے مطابق برابری کی بنیاد پر مقابلے کی توقع کی جاتی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی ٹورنامنٹس کی بنیاد کھیل کی دیانت داری، مسابقت، تسلسل اور انصاف پر ہوتی ہے۔ اگرچہ آئی سی سی قومی پالیسی معاملات میں حکومتوں کے کردار کا احترام کرتی ہے، تاہم ایسا فیصلہ عالمی کرکٹ اور دنیا بھر کے شائقین، بشمول پاکستان کے لاکھوں مداحوں، کے مفاد میں نہیں ہوگا۔
آئی سی سی نے مزید کہا کہ اسے امید ہے پی سی بی اس معاملے کے ملکی اور طویل المدتی اثرات پر سنجیدگی سے غور کرے گا، کیونکہ ایسے فیصلے عالمی کرکٹ نظام پر منفی اثرات مرتب کر سکتے ہیں، جس کا پی سی بی خود بھی ایک رکن اور مستفید ہونے والا فریق ہے۔
آئی سی سی کے مطابق اس کی اولین ترجیح آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا کامیاب انعقاد ہے، اور یہ ذمہ داری پی سی بی سمیت تمام رکن ممالک پر عائد ہوتی ہے۔ آئی سی سی نے توقع ظاہر کی ہے کہ پی سی بی تمام متعلقہ فریقین کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے باہمی طور پر قابلِ قبول حل تلاش کرے گا۔
