تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 111 رنز کے بھاری مارجن سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف سات سال بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سوئپ کر لیا۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنائے، جو آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں پاکستان کا سب سے بڑا اسکور ہے۔ پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور بابر اعظم نے نصف سنچریاں اسکور کیں، صائم ایوب نے 50 جبکہ بابر اعظم نے 50 رنز بنائے۔

شاداب خان نے 46 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، خواجہ نافع 21، فخر زمان 10 اور کپتان سلمان علی آغا 5 رنز بنا سکے۔
آسٹریلیا کی جانب سے بین وارشوس نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 208 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 96 رنز بنا سکی۔ آسٹریلوی لیگ اسپنر ایڈم زمپا انجری کے باعث بیٹنگ کے لیے میدان میں نہ آ سکے۔ مارکوس اسٹوئنس نے 23 جبکہ کیمرون گرین نے 22 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 18 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔