اپریل 19, 2026

انڈر 19 ورلڈ کپ: سپر سکس مرحلے کے اہم میچ میں بھارت نے پاکستان کو 58 رنز سے شکست دے دی

انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے سپر سکس مرحلے کے انتہائی اہم میچ میں بھارت نے پاکستان کو 58 رنز سے شکست دے دی۔ سیمی فائنل میں رسائی کے لیے پاکستان کو 253 رنز کا ہدف 33.3 اوورز میں حاصل کرنا تھا، تاہم قومی ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 194 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے عثمان خان نے 66 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، حمزہ ظہور 42 جبکہ کپتان فرحان یوسف نے 38 رنز اسکور کیے۔ بھارتی باؤلرز میں ایوش مہاترے اور کھیلان پٹیل نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کی باؤلنگ میں عبدالسبحان نے تین جبکہ محمد صیام نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اس کے علاوہ علی حسن بلوچ، احمد حسین، مومن قمر اور علی رضا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
بولاؤایو میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان کے کپتان فرحان یوسف نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا، انگلینڈ اور افغانستان کی ٹیمیں پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں، جبکہ پاکستان کی جیت کی صورت میں بھارت اور پاکستان دونوں کے چھ، چھ پوائنٹس ہو جاتے اور بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر سیمی فائنل کا فیصلہ ہونا تھا۔