گلیانہ (انصر فاروق مغل) ضلع گجرات میں پولیس نے پتنگ فروشوں اور پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھا ہوا ہے، جس کے دوران 5 افراد کو گرفتار کر کے درجنوں پتنگیں برآمد کی گئی ہیں۔
ڈی پی او گجرات رانا عمر فاروق کی ہدایات کے مطابق کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈی ایس پی سٹی سرکل ظفر اقبال کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ سول لائن انسپکٹر فرقان شہزاد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے دانش، آلیان، محمد عمر اور محمد داؤد کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے درجنوں پتنگیں برآمد کیں۔
اسی طرح ڈی ایس پی سرائے عالمگیر سرکل ڈاکٹر ممتاز احمد میکن کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ سٹی سرائے عالمگیر احمد فراز تارڑ اور عبدالرشید ASI نے پتنگ فروش نجف علی ولد نوید حسین کو گرفتار کیا، جن کے قبضہ سے 5 عدد پتنگیں برآمد ہوئیں۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر دیے ہیں۔
ڈی پی او گجرات رانا عمر فاروق نے اس موقع پر کہا کہ پتنگ بازی اور پتنگ فروشی ایک جان لیوا کھیل ہے اور والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو ایسے خطرناک فعل سے دور رکھیں تاکہ مزید قیمتی جانیں ضائع ہونے سے بچائی جا سکیں۔





