جہلم (محمد زاہد خورشید) ہومیوپیتھک ڈاکٹرز فاؤنڈیشن (ایچ ڈی ایف) پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفد نے ہومیوپیتھی کے سینئر معالج اور لیجنڈ ڈاکٹر علی محمد سے ملاقات کی، جس میں ملک میں جدید اور معیاری ہومیوپیتھک ہسپتال کے قیام پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
وفد میں ڈاکٹر محمد رمضان جنجوعہ (صدر ایچ ڈی ایف پاکستان)، ڈاکٹر فدا حسین (کوآرڈینیٹر ایچ ڈی ایف پاکستان)، ڈاکٹر حزب اللہ (نائب صدر ایچ ڈی ایف راولپنڈی)، ڈاکٹر محمد عامر (صدر ایچ ڈی ایف تحصیل کہوٹہ)، ڈاکٹر یار محمد عامر اور ڈاکٹر انعام الحق شامل تھے۔
ملاقات کے دوران ڈاکٹر واصف حسین، انفارمیشن سیکریٹری ایچ ڈی ایف پاکستان نے فاؤنڈیشن کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ ادارہ عوام کو سستی، مؤثر اور قدرتی علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے۔ اس موقع پر مجوزہ ہومیوپیتھک ہسپتال کے قیام، اس کے انتظامی ڈھانچے، طبی خدمات، تربیتی کردار اور عوامی فوائد پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ڈاکٹر علی محمد نے اس منصوبے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہومیوپیتھک ہسپتال کا قیام نہ صرف مریضوں کے لیے ایک بڑی سہولت ثابت ہوگا بلکہ نوجوان ہومیوپیتھک ڈاکٹرز کی عملی تربیت اور پیشہ ورانہ مہارت میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے منصوبے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے قیمتی تجاویز بھی پیش کیں۔
وفد کے ارکان نے ڈاکٹر علی محمد کے تجربے اور رہنمائی کو فاؤنڈیشن کے لیے باعثِ اعزاز قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ ان کی سرپرستی میں یہ منصوبہ جلد عملی شکل اختیار کرے گا۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور مستقبل میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
