قومی احتساب بیورو (نیب) نے محکمہ آبپاشی سندھ کے سیکرٹری ظریف کھیڑو سمیت دیگر اعلیٰ افسران کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔
نیب کی جانب سے جاری کیے گئے کال اپ نوٹس کے مطابق سیکرٹری سروسز سندھ سے سیکرٹری آبپاشی ظریف کھیڑو کے خلاف جاری انکوائری کے سلسلے میں مکمل ریکارڈ طلب کیا گیا ہے۔ نیب نے چیف انجینئر منصور میمن اور ایگزیکٹو انجینئر پرویز کنور کی تفصیلات بھی مانگ لی ہیں۔
نوٹس میں افسران کی بھرتی کی تاریخ سے اب تک کا سالانہ سروس ریکارڈ، تنخواہوں کی تفصیل، قرضوں، انعامات اور بونسز کا ریکارڈ طلب کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ افسران کے جمع کرائے گئے سالانہ اثاثہ جات، بینک اکاؤنٹس اور خاندان کے افراد کی مکمل تفصیلات بھی مانگی گئی ہیں۔ نیب کے مطابق افسران پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے۔
دوسری جانب محکمہ آبپاشی نے نیب دفتر میں متعدد ترقیاتی منصوبوں کا ریکارڈ جمع کرا دیا ہے۔ نیب نے ایل بی او ڈی، بینظیر بھٹو سویٹ ہوم اسکیم اور ایل بی او ڈی منصوبے کا مکمل ریکارڈ بھی طلب کر لیا ہے۔
اس کے علاوہ نیب نے سکھر بیراج کے گیٹ نمبر 44 اور 59 کے مرمتی کام سے متعلق تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔
