انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے سُپر سکسز مرحلے میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقا کو 6 وکٹ سے ہرا دیا۔ جنوبی افریقا کی ٹیم مقررہ اوورز میں صرف 118 رنز بنا سکی، جس کے بعد آسٹریلوی کینگروز نے ہدف 33 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔
ایک اور دلچسپ میچ میں ویسٹ انڈیز نے آئرلینڈ کو ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت 25 رنز سے شکست دی۔ دوسری جانب پاکستانی ٹیم نے سپر سکسز مرحلے میں نیوزی لینڈ اور روایتی حریف بھارت کے خلاف مقابلے کے لیے بھرپور تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔ پاکستان کے فیلڈنگ کوچ منصور امجد کا کہنا ہے کہ ٹیم کی فیلڈنگ ایونٹ میں بہترین جا رہی ہے اور یہی فرق پیدا کر رہا ہے۔
