پاکستان انٹرنیشنل اسکول الریاض (انگلش سیکشن) میں سالانہ اسپورٹس گالا کا انعقاد ، بہترین انتظامات پر سکول مینجمنٹ کی خدمات کو سراہا گیا

سعودی عرب (ادریس احمد سے ) پاکستان انٹرنیشنل اسکول الریاض (انگلش سیکشن) میں سالانہ اسپورٹس گالا کاانعقاد کیاگیا ،جس میں طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنی کھیلوں کی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا،اسپورٹس گالا کے دوران کرکٹ، فٹ بال، بیڈمنٹن، کراٹے، تائیکوانڈو سمیت دیگر کھیلوں کے سنسنی خیز مقابلے منعقد کیے گئے، جہاں طلبہ نے نظم و ضبط، ٹیم اسپرٹ اور کھیل کے اصولوں کی پاسداری کا عملی ثبوت پیش کیا۔ شائقین کی جانب سے میدان تالیوں اور نعروں سے گونجتے رہے جبکہ والدین اور اساتذہ طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے دکھائی دیے،تقریب میں چیئرمین اسکول مینجمنٹ کونسل انجینئر سعود سرور، وائس چیئرمین ڈاکٹر یاسر جاوید، کمیونٹی ویلفیئر اتاشی صاعد عزیز، نجم الثاقب، ڈاکٹر شہزاد احمد اور بڑی تعداد میں طلبہ کے والدین نے شرکت کی۔ مہمانانِ خصوصی نے کھیلوں کے مقابلے دیکھے اور طلبہ کی کارکردگی کو سراہا،اسپورٹس گالا کے انتظامات پرنسپل محمد تنویر کی قیادت میں محمد ساجد، رانا محمد آصف، ندیم اقبال اعوان اور دیگر اسٹاف ممبران نے انجام دیے، جنہوں نے نہایت محنت اور جذبے سے تقریب کو کامیاب بنایا۔ اس موقع پر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسپورٹس گالا نہ صرف طلبہ کی جسمانی صحت بلکہ ذہنی تندرستی اور مثبت طرزِ فکر کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے،مہمانانِ خصوصی نے اسپورٹس گالا کے کامیاب انعقاد پر اسکول انتظامیہ اور اساتذہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی مثبت اور تعمیری سرگرمیاں طلبہ کی ہمہ جہت نشوونما کے لیے ناگزیر ہیں،تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں انعامات اور اسناد تقسیم کی گئیں۔

Exit mobile version