پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلے گا یا نہیں؟ حتمی فیصلے کے لیے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی آج وزیراعظم شہباز شریف سے اہم ملاقات متوقع

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے بھارت میں کھیلنے سے انکار پر بنگلا دیش کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے نکالے جانے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کی ایونٹ میں شرکت بھی تاحال غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے۔ اگرچہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے تاہم یہ سوال برقرار ہے کہ آیا پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کرے گا یا نہیں۔

ذرائع کے مطابق اس اہم معاملے پر مشاورت کے لیے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی آج وزیراعظم شہباز شریف سے اہم ملاقات متوقع ہے، جس میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت یا عدم شرکت سے متعلق مختلف پہلوؤں پر غور کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بھی مشاورت کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ سفارتی اور سکیورٹی امور کو مدنظر رکھتے ہوئے حتمی فیصلہ کیا جا سکے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے اس معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشاورت جاری ہے، حکومت اپنا کردار ادا کرے گی اور جو بھی فیصلہ ہوگا اس سے عوام کو آگاہ کر دیا جائے گا۔

دوسری جانب چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ بنگلا دیش کا مؤقف اصولوں پر مبنی ہے اور آئی سی سی کے دوہرے معیار کو مسترد کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست زدہ کرکٹ کسی کے مفاد میں نہیں، سب کو کھیل کے اصولوں کے مطابق فیصلے کرنے چاہئیں۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ پاکستان کے کھلاڑی باصلاحیت ہیں اور ہر میدان میں مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جبکہ کامیابی ہمیشہ ٹیم ورک سے حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کا حتمی فیصلہ حکومت پاکستان کرے گی۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے سکیورٹی خدشات کی بنیاد پر بھارت جا کر میچز کھیلنے سے انکار کیا تھا اور مطالبہ کیا تھا کہ اس کے میچز سری لنکا منتقل کیے جائیں، تاہم آئی سی سی نے یہ مؤقف مسترد کرتے ہوئے بنگلا دیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو ایونٹ میں شامل کر لیا۔

ذرائع کے مطابق بنگلا دیش کے انکار کے بعد پاکستان کی جانب سے بھی ممکنہ بائیکاٹ پر غور کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آغاز 7 فروری سے ہوگا جبکہ پاکستان کے میچز سری لنکا میں شیڈول ہیں۔

Exit mobile version