وفاق آپریشن کا ملبہ صوبائی حکومت پر ڈالنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے: شفیع جان

خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت وادی تیراہ میں جاری آپریشن کا ملبہ صوبائی حکومت پر ڈالنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔ وفاقی حکومت کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وادی تیراہ سے لوگوں کے انخلا سے متعلق وفاقی حکومت کا مؤقف بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہے۔

شفیع جان کا کہنا تھا کہ پوری قوم جان چکی ہے کہ وادی تیراہ سے لوگ آپریشن کی وجہ سے نقل مکانی پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزرا خواجہ آصف اور طلال چوہدری کی قومی اسمبلی میں کی گئی تقاریر ریکارڈ پر موجود ہیں جو اس حقیقت کی واضح عکاسی کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا وادی تیراہ آپریشن کے حوالے سے اپنا مؤقف متعدد بار واضح کر چکے ہیں۔ ان کے مطابق صوبائی اسمبلی کے جرگہ امن میں تمام سیاسی جماعتوں نے آپریشن کی مخالفت کی تھی، اس کے باوجود کے پی حکومت، سیاسی جماعتوں اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔

معاونِ خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ نقل مکانی کرنے والوں کے لیے چار ارب روپے کے اجرا سے متعلق وفاقی حکومت کا بیان انتہائی مضحکہ خیز ہے۔ ان کے مطابق صوبائی حکومت نے متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے بروقت فنڈز جاری کیے اور امدادی اقدامات فوری طور پر شروع کیے گئے۔

Exit mobile version