منہاج یوتھ لیگ کے زیر اہتمام نیشنل یوتھ ایوارڈ تقریب یکم فروری کو ہو گی

لاہور: منہاج یوتھ لیگ کے زیر اہتمام با صلاحیت نوجوانوں کو ایوارڈ دینے کی نیشنل یوتھ ایوارڈ 2026کی تقریب یکم فروری کو پاکستان ایکسپو سینٹر لاہور میں منعقد ہو گی جس کی صدارت چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کریں گے۔ چیئرمین سینیٹ آف پاکستان سید یوسف رضا گیلانی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔ نیشنل یوتھ ایوارڈ کا مقصد اُن باصلاحیت اور باہمت نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور اعترافِ خدمات ہے جنہوں نے تعلیم، کھیل، تحقیق، سماجی خدمت اور دیگر شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں قومی کامیابیاں حاصل کر کے پاکستان کا نام روشن کیا۔مرکزی صدر منہاج یوتھ لیگ رانا وحید شہزاد نے نیشنل یوتھ ایوارڈ کی تقریب کے انتظامات کے سلسلے میںتشکیل دی گئی انتظامی کمیٹیوں کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل یوتھ ایوارڈ دراصل نوجوانوں کی محنت، عزم اور مستقل مزاجی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا ایک قومی پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے اور ایسے ایوارڈز نوجوان نسل کو مثبت، تعمیری اور قومی خدمت کی سمت میں آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتے ہیں۔رانا وحید شہزاد نے کہا کہ منہاج یوتھ لیگ نوجوانوں میں قیادت، کردار سازی اور سماجی ذمہ داری کے فروغ کے لیے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔ نیشنل یوتھ ایوارڈ کے ذریعے اُن نوجوانوں کو سامنے لایا جا رہا ہے جو محدود وسائل کے باوجود غیر معمولی کارکردگی دکھا کر دوسروں کے لیے مثال بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقریب نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں قومی سطح پر پہچان فراہم کرے گی۔مرکزی صدر منہاج یوتھ لیگ نے کہا کہ نیشنل یوتھ ایوارڈ 2026 کی تقریب کو یادگاربنانے کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جو اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نیشنل یوتھ ایوارڈ2026 نوجوانوں کو اپنی صلاحیتین منوانے اور مثبت رول ماڈل بننے کا سنہری موقع فراہم کرے گا۔یہ تقریب اس عزم کا اظہار ہے کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل کی بنیاد ہیں۔ایسے اقدامات نوجوانوں میں اعتماد،خود اعتمادی اور مثبت سوچ کو فروغ دیتے ہیں۔یہ تقریب نوجوانوں کے لیے امید، حوصلے اور اعتماد کا پیغام ثابت ہو گی اور پاکستان میں مثبت سوچ اور تعمیری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔اس موقع پر مرکزی جنرل سیکرٹری ڈاکٹرعمران یونس و دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ تقریب میںنوجوان رہنما،ماہرین تعلیم ،سیاسی سماجی رہنمائوں سمیت دیگر اہم شخصیات شرکت کریں گی۔

Exit mobile version