پنجگور میں سکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، بھارتی حمایت یافتہ 3 دہشت گرد ہلاک

بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سکیورٹی فورسز نے ایک کامیاب آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، جس کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں مقامی دہشت گرد سرغنہ فاروق عرف سورو کے علاوہ عدیل اور وسیم شامل ہیں۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے اور سکیورٹی فورسز کو طویل عرصے سے مطلوب تھے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں موجود کسی بھی ممکنہ بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عزمِ استحکام کے تحت انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور ملک سے غیر ملکی اسپانسرڈ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔

Exit mobile version