وادی تیراہ سے نقل مکانی پر صوبائی حکومت جواب دے، کوئی بڑا آپریشن نہیں ہو رہا: احسن اقبال

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ وادی تیراہ سے لوگوں کی نقل مکانی کے حوالے سے صوبائی حکومت کو وضاحت دینی چاہیے کیونکہ وفاقی حکومت نے نہ تو وہاں کسی بڑے آپریشن کا آغاز کیا ہے اور نہ ہی عوام سے علاقہ چھوڑنے کی کوئی اپیل کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزارتِ اطلاعات بھی اس بات کی تردید کرچکی ہے کہ وادی تیراہ میں کوئی بڑا فوجی آپریشن جاری ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ اگر وادی تیراہ سے لوگ نقل مکانی کر رہے ہیں تو اس کی وجہ بے امنی اور دہشت گردی ہو سکتی ہے، اور امن و امان برقرار رکھنا صوبائی حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ لا اینڈ آرڈر کی صورتحال پر صوبائی حکومت کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ دہشت گرد عناصر کے ساتھ کھڑی ہے یا پاکستان کے عوام کے ساتھ۔

وفاقی وزیر نے خیبرپختونخوا حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نہ صرف امن و امان قائم رکھنے میں ناکام رہی ہے بلکہ مسلسل ریاستی اداروں کے خلاف مہم بھی چلا رہی ہے، جس سے حالات مزید خراب ہو رہے ہیں۔

غزہ بورڈ آف پیس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے وضاحت کی کہ اس فورم میں پاکستان کی شمولیت کابینہ کی منظوری سے ہوئی۔ ان کے مطابق وزیراعظم نے تمام کابینہ اراکین سے مشاورت کی اور متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دعوت نامہ موصول ہونے کے بعد وقت محدود تھا، اور اگر پاکستان اس میں شرکت نہ کرتا تو اپوزیشن کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑتا۔

Exit mobile version