امریکا کی کئی ریاستیں تباہ کن برفانی طوفان کی لپیٹ میں آ گئی ہیں جہاں شدید برفباری اور بارش کے باعث نظامِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق ٹیکساس، اوکلاہوما اور آرکنساس میں شدید برفباری کے بعد 18 ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ واشنگٹن، نیویارک، فلاڈیلفیا اور بوسٹن میں بھی مزید برفباری کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ نیویارک کے میئر نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت جاری کی ہے اور 9 ریاستوں میں نیشنل گارڈز کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ شدید موسمی صورتحال کے باعث امریکا بھر میں 10 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں جبکہ 84 ہزار سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہیں۔ امریکی صدر کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت ریاستی اداروں کے ساتھ مل کر شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنا رہی ہے اور طوفان سے متاثرہ تمام ریاستوں سے مسلسل رابطے میں ہے۔
امریکا کی متعدد ریاستیں شدید برفانی طوفان کی زد میں، 20 کروڑ سے زائد افراد متاثر ہونے کا خدشہ
