کھاریاں پریس کلب کی نو منتخب کابینہ کی پروقار تقریبِ حلف برداری، صحافت کے وقار اور اتحاد کا خوبصورت مظاہرہ


کھاریاں (ایم عمر )کھاریاں پریس کلب میں منعقد ہونے والی نو منتخب کابینہ کی تقریبِ حلف برداری صحافت کے وقار، اتحاد اور یکجہتی کی دلکش تصویر بن کر سامنے آئی، جہاں قلم کی حرمت، سچ کی پاسداری اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے عزم کی گونج ہر جانب سنائی دی۔ اس پُروقار تقریب میں صدر کھاریاں پریس کلب سید تنویر نقوی اور ان کی کابینہ نے سرپرستِ اعلیٰ حاجی شبیر حسین ملک سے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔تقریب کے مہمانانِ خصوصی سابق رکنِ پنجاب اسمبلی چوہدری شبیر احمد کوٹلہ اور ممتاز کاروباری و سماجی شخصیت چوہدری ساجد محمود بھٹیاں تھے، جنہوں نے صحافت کے ذمہ دارانہ کردار اور معاشرے میں اس کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے نو منتخب کابینہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ تقریب کی میزبانی سابق صدر کھاریاں پریس کلب ندیم گیلانی اور کلیم اللہ گیلانی نے خوش اسلوبی سے انجام دی۔تقریب میں صدر کھاریاں بار ایسوسی ایشن چوہدری خالد حسین شیخو چک، سابق صدور بار، سینئر وکلاء، سیاسی و سماجی رہنما، تاجر برادری، شعبۂ صحت سے وابستہ ممتاز ڈاکٹرز اور صحافتی تنظیموں کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی، جس سے تقریب ایک خوبصورت اجتماع اور یادگار لمحے میں ڈھل گئی۔ملحقہ شہروں کے پریس کلبوں کے نمائندگان کی شرکت نے اس تقریب کو مزید وقار بخشا، جبکہ شرکاء نے نو منتخب کابینہ کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ کھاریاں پریس کلب مستقبل میں بھی حق و سچ کی شمع روشن رکھنے، صحافیوں کے مسائل کے حل اور صحافتی اقدار کے فروغ کے لیے فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔

Exit mobile version