ڈنگہ ( احتشام اللہ اسلم) ئیںگجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایگزیکٹو ممبر اور ممتاز بزنس مین عثمان یونس ڈار نے گجرات چیمبر آف کامرس میں آر پی او گوجرانوالہ ڈویژن خرم شہزاد حیدر وڑائچ اور ڈی پی او گجرات رانا عمر فاروق سے خصوصی ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران عثمان یونس ڈار نے ڈنگہ کی تاجر برادری کو درپیش مختلف مسائل سے آر پی او اور ڈی پی او گجرات کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ انہوں نے خصوصی طور پر پولیس خدمت مرکز ڈنگہ میں ڈرائیونگ لائسنس کاؤنٹر فعال نہ ہونے کا مسئلہ اٹھایا۔

عثمان یونس ڈار نے مطالبہ کیا کہ ڈنگہ خدمت مرکز میں ڈرائیونگ لائسنس کا کاؤنٹر فوری طور پر قائم کیا جائے، کیونکہ تاجروں کو لائسنس کے اجرا یا تجدید کے لیے کھاریاں یا گجرات جانا پڑتا ہے، جس کی وجہ سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس خدمت مرکز ڈنگہ دیگر معاملات میں اچھا کام کر رہا ہے، اس لیے لائسنس کاؤنٹر کا فعال ہونا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اس موقع پر ڈی پی او گجرات رانا عمر فاروق نے تاجر برادری کو یقین دہانی کروائی کہ پولیس خدمت مرکز ڈنگہ میں جلد ڈرائیونگ لائسنس کاؤنٹر کو فعال کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے ڈی ایس پی کھاریاں سرکل اور ایس ایچ او تھانہ ڈنگہ کو بھی ہدایات جاری کی جائیں گی۔




