مری میں برفباری کا سلسلہ رک گیا ہے، جس کے بعد بند راستوں کے جلد کھلنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ شدید برفباری کے باعث مری اور ملحقہ علاقوں کی متعدد رابطہ سڑکیں برف سے ڈھک گئی تھیں، جس کے پیش نظر مزید گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
سخت موسمی صورتحال کے باعث ضلعی انتظامیہ ہائی الرٹ ہے اور مختلف علاقوں میں برف ہٹانے کا کام جاری ہے۔ انتظامیہ کے مطابق جھیکا گلی سے ملحقہ ایم آئی ٹی روڈ کو کلیئر کر کے ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
دوسری جانب ترجمان گلیات ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ گلیات کے علاقوں میں کسی سیاح کے پھنسنے یا کسی جانی و مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
انتظامیہ کے مطابق برفباری رکنے کے بعد موسم میں بہتری آ رہی ہے اور صورتحال معمول پر آتے ہی دیگر بند راستے بھی مرحلہ وار کھول دیے جائیں گے۔




