سانحہ گل پلازہ: 90 فیصد ملبہ کلیئر، 71 جاں بحق، 10 سے 11 افراد تاحال لاپتہ

کراچی : سانحہ گل پلازہ کی بھسم شدہ عمارت کو 90 فیصد تک کلیئر کر دیا گیا ہے جبکہ اب بھی 10 سے 11 افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش کا عمل جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو کے مطابق سرچ اور کلیئرنس آپریشن آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے، تاہم لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو ٹیمیں مسلسل کام کر رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران ملبے سے 4 ڈی وی آر برآمد ہوئے ہیں، جن کی مدد سے سانحے کی وجوہات جاننے کے لیے اہم شواہد ملنے کا امکان ہے۔
ملبہ ہٹانے کے دوران ایک دکان سے ڈیڑھ کلو سونا اور تہہ خانے سے ایک لاکھ روپے سے زائد نقد رقم بھی ملی، جو متعلقہ دکان مالکان کے حوالے کر دی گئی۔
دوسری جانب پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ طارق نے بتایا کہ گل پلازہ سے اب تک 71 لاشیں اور انسانی باقیات لائی جا چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لاشیں شدید حد تک جل جانے کے باعث ڈی این اے کا عمل پیچیدہ ہو گیا ہے۔
حکام کے مطابق مجموعی طور پر 71 جاں بحق افراد میں سے 20 کی شناخت ہو چکی ہے، جن میں 13 افراد کی شناخت ڈی این اے کے ذریعے ممکن ہوئی، جبکہ لاپتہ افراد کی فہرست میں اب بھی 82 نام شامل ہیں۔

Exit mobile version