بسنت فیسٹیول: پنجاب حکومت کا 3 روز مفت ٹرانسپورٹ، سخت سیکیورٹی اور حفاظتی اقدامات کا اعلان

حکومتِ پنجاب نے بسنت کے موقع پر عوام کو بڑی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے 6، 7 اور 8 فروری کو میٹرو بس، اورنج ٹرین اور گرین لائن میں مفت سفر کی سہولت دینے کا اعلان کیا ہے۔ لاہور میں بسنت فیسٹیول کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بتایا کہ بسنت کو محفوظ بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے متحرک ہیں اور مانیٹرنگ، ٹریفک اور سیکیورٹی کے لیے جامع پلان ترتیب دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بسنت کے دوران 10 لاکھ موٹرسائیکلوں کو مفت سیفٹی وائرز فراہم کی جائیں گی جبکہ دو کنٹرول رومز بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ غلط ڈور کے استعمال پر 5 سال قید اور جرمانے کی سزا ہوگی، جبکہ ریڈ زون میں بغیر سیفٹی راڈ موٹرسائیکل کے داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ بسنت ایک 500 سال پرانا تہوار ہے اور پنجاب کی ثقافت کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔ بسنت فیسٹیول کا آغاز 6 فروری کی رات سے ہوگا، جس دوران کلینک آن وہیلز، ایمبولینسز اور فائر بریگیڈ کا عملہ بھی الرٹ رہے گا۔

Exit mobile version