امریکا نے ایران کی جانب بڑی فوجی فورس روانہ کر دی، صدر ٹرمپ کی تصدیق

واشنگٹن: امریکا نے ایران کی جانب بڑی فوجی فورس روانہ کر دی ہے جس میں جنگی بحری جہاز اور جنگی طیارے شامل ہیں۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ائیر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اس فوجی نقل و حرکت کی تصدیق کی۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہماری بڑی فورس ایران کی جانب رواں دواں ہے، بہت سے جہاز ایران کی طرف جا رہے ہیں اور ہم ایران کے قریب احتیاطی طور پر فورس تعینات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیکھتے ہیں آگے کیا ہوتا ہے۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ ایران پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق امریکا نے ایران کو خبردار کیا تھا کہ اگر پھانسیاں دی گئیں تو کارروائی کی جائے گی، تاہم امریکی دھمکی کے بعد ایران نے پھانسیاں منسوخ کر دیں۔
صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ اس فوجی نقل و حرکت کا یہ مطلب نہیں کہ امریکا لازمی طور پر فوجی کارروائی کرے گا۔
غیر ملکی میڈیا نے امریکی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایک کیریئر اسٹرائیک گروپ اور دیگر فوجی دستے مشرق وسطیٰ کی جانب روانہ ہو چکے ہیں، جن میں طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن، جنگی بحری جہاز اور جنگی طیارے شامل ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکا ایران کے خلاف مزید فوجی کارروائی نہیں کرے گا، تاہم اگر ایران نے اپنا جوہری پروگرام دوبارہ شروع کیا تو امریکا بھرپور جواب دے گا۔

Exit mobile version