ہاکی ورلڈ کپ 2026: کوالیفائرز کے شیڈول کا اعلان، پاکستان ٹیم مصر میں ہونے والے کوالیفائنگ راؤنڈ میں شرکت کرے گی

انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (FIH) نے ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے کوالیفائرز کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ ہاکی ورلڈ کپ کے کوالیفائرز مصر، بھارت اور چلی میں کھیلے جائیں گے۔ چلی میں مینز اور ویمنز دونوں کے ایونٹس ہوں گے جبکہ بھارت میں صرف ویمنز کا ایونٹ ہوگا۔

پاکستان ہاکی ٹیم مصر میں ہونے والے کوالیفائنگ راؤنڈ میں حصہ لے گی۔ یہ ٹورنامنٹ یکم تا 7 مارچ تک اسماعیلیہ میں منعقد ہوگا۔ اس کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستان کے علاوہ مصر، انگلینڈ، ملائیشیا، جاپان، آسٹریا، چین اور امریکا کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔

پاکستان ٹیم گروپ بی میں چین، ملائیشیا اور آسٹریا کے ساتھ مقابلہ کرے گی۔ یکم مارچ کو پاکستان چین سے، 2 مارچ کو ملائیشیا سے اور 4 مارچ کو آسٹریا سے ٹکرائے گی۔ مردوں کے دونوں کوالیفائرز کی 3،3 ٹیمیں ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کریں گی جبکہ بہترین رینکڈ چوتھی پوزیشن کی ٹیم بھی 2026 ہاکی ورلڈ کپ میں جگہ بنائے گی۔

ہاکی ورلڈ کپ 2026 اگست میں بیلجیئم اور نیدرلینڈز میں منعقد ہوگا، جس میں 16 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ میزبان ملک نیدرلینڈز اور بیلجیئم نے خود بخود کوالیفائی کر لیا ہے۔ دیگر ٹیمیں اس طرح کوالیفائی کر چکی ہیں: آسٹریلیا اور اسپین نے پرو لیگ، ارجنٹائن نے پین امریکن کپ، بھارت نے ایشیا کپ، نیوزی لینڈ نے اوشیانا کپ، جرمنی نے یورپیئن چیمپئن شپ، اور جنوبی افریقہ نے افریقی چیمپئن شپ سے اپنی جگہ پکی کی ہے۔

Exit mobile version