سعودی عرب (ادریس احمد سے )ریاض میں مجلسِ پاکستان کے زیرِ اہتمام شہر کے ذروہ ہال میں مجلسِ پاکستان کے سابق صدر ڈاکٹر محمد آصف قریشی کے اعزاز میں ایک پُروقار استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کی میزبانی مجلسِ پاکستان کے صدر رانا عبدالرؤف، سرپرستِ اعلیٰ سید ثاقب زبیر اور جنرل سیکریٹری رانا عمر فاروق نے مشترکہ طور پر کی،تقریب میں ریاض میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی معزز شخصیات نے بھرپور شرکت کی، جن میں رانا خالد اکرم، چوہدری سجاد، چوہدری خادم حسین، عمر فاروق کیلانی، انعام خان، ابراہیم جٹ، توصیف احمد سمیت دیگر معززین شامل تھے،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے ڈاکٹر محمد آصف قریشی کی سماجی، فلاحی اور تنظیمی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ ڈاکٹر محمد آصف قریشی نے اپنے دورِ صدارت میں مجلسِ پاکستان کو نہ صرف فعال اور منظم بنایا بلکہ پاکستانی کمیونٹی کو یکجا کرنے میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کی خدمات مجلسِ پاکستان کی تاریخ کا ایک روشن باب ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،اس موقع پر ڈاکٹر محمد آصف قریشی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے تقریب کے انعقاد پر مجلسِ پاکستان کی قیادت اور اراکین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہیں ہمیشہ کمیونٹی کی خدمت پر فخر رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مجلسِ پاکستان آئندہ بھی اسی جذبے، اخلاص اور عزم کے ساتھ پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرتی رہے گی۔
ریاض: مجلسِ پاکستان کے زیرِ اہتمام ڈاکٹر محمد آصف قریشی کے اعزاز میں پُروقار استقبالیہ
