تحریک انصاف کا آئینی ترمیمی بل، صوبائی اسمبلیوں کی خواتین مخصوص نشستوں پر ارکان کو براہ راست اور آزادانہ ووٹنگ کے ذریعے منتخب کرنے کی تجویز

تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی محمد اسلم گھمن نے آئین کے آرٹیکل 51 اور 106 میں ترمیم کا بل قومی اسمبلی میں پیش کر دیا۔ بل کے مطابق صوبائی اسمبلیوں کی خواتین مخصوص نشستوں پر ارکان کو براہ راست اور آزادانہ ووٹنگ کے ذریعے منتخب کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

بل میں یہ بھی تجویز دی گئی ہے کہ غیر مسلم مخصوص نشستوں کے لیے ہر صوبہ ایک واحد حلقہ ہوگا اور تمام نشستیں الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی پارٹی فہرستوں کے مطابق الاٹ کی جائیں گی۔

اسی اجلاس میں نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کے دوران قتلِ خطا پر 10 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کا بل بھی پیش کیا گیا۔ یہ بل ایم کیو ایم کے خواجہ اظہار، ارشد وہرا اور پیپلز پارٹی کے مرزا اختیار بیگ نے پیش کیا۔

بل کے تحت پاکستان پینل کوڈ اور کوڈ آف کرمنل پروسیجر میں ترامیم تجویز کی گئی ہیں۔ متن کے مطابق شراب، منشیات یا کسی بھی نشہ آور شے کے زیر اثر ڈرائیونگ کرنے والا ڈرائیور قتلِ خطا کا مرتکب سمجھا جائے گا۔

بل میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ حادثے یا گرفتاری کے دو گھنٹے کے اندر ڈرائیور کا کیمیکل ٹیسٹ کیا جائے گا اور نشہ ثابت ہونے کی صورت میں سیکشن 320 اے کے تحت ایف آئی آر درج کی جائے گی۔ ڈپٹی اسپیکر نے دونوں بل متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے سپرد کر دیے ہیں۔

Exit mobile version