بارش اور برفباری کا الرٹ، شمالی علاقوں میں سیلاب کا خدشہ

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے شمالی علاقوں میں متوقع بارشوں اور برفباری کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق 21 سے 24 جنوری کے دوران بارش اور برفباری کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں موسمی صورتحال کے باعث دریائے کابل اور اس سے ملحقہ ندی نالوں میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دیر، چترال، سوات اور کوہستان میں بھی اچانک طغیانی کا خطرہ موجود ہے، جبکہ نوشہرہ اور تربیلا ڈیم کے نشیبی علاقوں میں دریائے کابل کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے۔ صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، جبکہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ ندی نالوں، نشیبی اور خطرے سے دوچار علاقوں کے قریب غیر ضروری آمدورفت سے گریز کریں۔
دوسری جانب بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اور قلات میں بارش اور برفباری کا امکان ہے، جبکہ نوشکی، ہرنائی، ژوب اور موسیٰ خیل میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ بارکھان، سبی، لورالائی، کیچ، گوادر، لسبیلہ، آواران اور چاغی میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے

Exit mobile version