گل پلازہ: منظور شدہ نقشے کی سنگین خلاف ورزیاں سامنے آ گئیں، 179 دکانیں غیر قانونی قرار

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے انکشاف کیا ہے کہ گل پلازہ کے مالک نے منظور شدہ نقشے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دکانوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ کیا۔ ایس بی سی اے کے مطابق نقشے کے تحت گل پلازہ میں 1021 دکانوں کی تعمیر کی اجازت تھی، تاہم عمارت میں مجموعی طور پر 1200 دکانیں تعمیر کی گئیں، جس میں 179 دکانیں منظور شدہ نقشے سے زائد قرار دی گئی ہیں۔
اتھارٹی کے مطابق 1998 میں گل پلازہ کی عمارت میں اضافی منزلیں تعمیر کی گئیں، جبکہ پارکنگ ایریا میں دکانیں بنا دی گئیں اور عمارت کی چھت کو بھی پارکنگ میں تبدیل کر دیا گیا۔ ایس بی سی اے کا کہنا ہے کہ منظور شدہ نقشے کے مطابق گل پلازہ میں بیسمنٹ سمیت تین منزلوں کی اجازت تھی، تاہم 2003 میں اضافی منزل کو بعد ازاں ریگولائز کیا گیا۔
ایس بی سی اے کی رپورٹ کے مطابق غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی دکانیں راہداریوں اور ایمرجنسی اخراج کے راستوں پر بھی قائم کی گئیں، جو سنگین حفاظتی خطرات کا باعث بنیں۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ معاملے کی مزید جانچ جاری ہے اور قانونی کارروائی متعلقہ قوانین کے تحت عمل میں لائی جائے گی۔

Exit mobile version