اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان تحریک انصاف کو کل تک اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کے لیے محمود خان اچکزئی کے مقابلے میں کوئی دوسرا امیدوار نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسپیکر آفس میں ملاقات کے دوران کسی اور معاملے پر کوئی بات نہیں ہوئی۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما عامر ڈوگر نے بھی اسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھ کر اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا نوٹیفکیشن فوری جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ پارٹی میں کسی قسم کی گروپنگ نہیں اور محمود خان اچکزئی ہی تحریک انصاف کے متفقہ اپوزیشن لیڈر ہیں۔
ادھر تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے پروگرام ”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کے بعد اپوزیشن لیڈر کا معاملہ حل ہو چکا ہے اور نوٹیفکیشن آج یا کل میں جاری ہو جانا چاہیے۔
اسد قیصر نے مزید کہا کہ 8 فروری کو دی جانے والی کال کو حتمی کال نہ سمجھا جائے بلکہ یہ ایک طویل جدوجہد کا آغاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد آنے والے دنوں میں کراچی جائے گا اور پی ٹی آئی بامعنی مذاکرات چاہتی ہے، جن کا مقصد نیا میثاقِ جمہوریت ہے۔





