پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے نئے میثاقِ جمہوریت کے لیے تمام جمہوری قوتوں کو دعوت دیتے ہوئے تمام فریقوں کے اتفاق سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی تشکیلِ نو کا مطالبہ کر دیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں پارٹی کے ارکانِ قومی اسمبلی نے شرکت کی۔ اجلاس میں متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی گئی۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ بے بنیاد اور سیاسی بنیادوں پر قائم تمام مقدمات فوری طور پر ختم کیے جائیں اور بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کو بحال کیا جائے۔ اجلاس میں حکومتِ پنجاب کی جانب سے کارکنوں پر لاٹھی چارج اور سندھ حکومت کی جانب سے دوروں کے دوران رکاوٹیں ڈالنے کے اقدامات کی شدید مذمت کی گئی۔
قرارداد میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ملک اس وقت ایک نہایت نازک اور پیچیدہ سیاسی صورتحال سے گزر رہا ہے، جس میں جمہوریت کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ پی ٹی آئی نے تمام جمہوری قوتوں پر زور دیا کہ وہ ایک نئے میثاقِ جمہوریت پر اتفاق کریں تاکہ ملک کو سیاسی عدم استحکام سے نکالا جا سکے۔
قرارداد میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ایسی تشکیلِ نو کی جائے جس پر تمام سیاسی فریقین کو اعتماد ہو، اور شفاف، آزاد اور منصفانہ نئے انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔
پارلیمانی پارٹی نے قرارداد میں سیاسی اسیران کے ساتھ انصاف اور قانونی برابری کو یقینی بنانے پر زور دیا اور تحریکِ تحفظِ آئین پاکستان کے قائدین کے دورۂ لاہور کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
مزید برآں قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے امن جرگے کے اعلامیے کو من و عن تسلیم کیا جائے اور اس پر فوری اور مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔





