ایران میں پاکستان کے سفیر مدثر ٹیپو نے مقیم پاکستانی شہریوں کو وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ جنگ سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کے پیشِ نظر شہری غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور سفارتخانے سے مسلسل رابطے میں رہیں۔
سفیر کے مطابق ایران میں وائی فائی سروس اور ٹیلی فون سسٹم متاثر ہیں، تاہم ایرانی شہروں میں موجود پاکستانی سفارتخانے اور قونصل خانے کی لینڈ لائنز فعال ہیں اور پاکستانی شہری ہنگامی صورتحال میں ان سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
پاکستان واپس جانے کے خواہشمند شہریوں کو مدثر ٹیپو نے ہدایت کی کہ سرحد پر کم از کم چار گھنٹے قبل پہنچیں اور واپسی کے وقت پاسپورٹ پر امیگریشن اسٹیمپ ضرور لگوائیں تاکہ بعد میں کسی قانونی مسئلے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
طلبہ کے حوالے سے سفیر نے کہا کہ وہ باضابطہ طریقہ کار مکمل کر کے روانہ ہوں اور اپنی یونیورسٹی سے کلیئرنس سرٹیفیکیٹ حاصل کریں۔ ہرمزگان یونیورسٹی کے 72 پاکستانی طلبہ آج پاکستان واپس روانہ ہو چکے ہیں جبکہ زنجان یونیورسٹی کے طلبہ کی واپسی کا عمل جاری ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ سفارتخانہ ایرانی بارڈر اتھارٹیز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ پاکستانی شہریوں اور طلبہ کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے اور واپسی کے دوران مدد فراہم کی جائے۔
