نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے واضح کیا ہے کہ صومالی لینڈ صومالیہ کا غیر متنازع اور اٹوٹ علاقہ ہے اور کوئی بیرونی ریاست یا ادارہ اس حقیقت کو قانونی یا اخلاقی طور پر تبدیل نہیں کر سکتا۔ جدہ میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ اسرائیلی اقدامات صومالیہ کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ سرحدوں پر براہِ راست حملہ ہیں، جن کی پاکستان بھرپور مذمت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی وزیر خارجہ کا صومالی لینڈ کا دورہ تشویشناک ہے اور ایسے اقدامات ہارن آف افریقا اور بحیرہ احمر کے امن کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔ پاکستان صومالیہ کی خودمختاری، وحدت اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت جاری رکھے گا اور او آئی سی ممالک کے ساتھ مل کر اسرائیلی اقدام کو مسترد کر چکا ہے۔
غزہ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے جنگ کے خاتمے، انسانی امداد کی فراہمی اور فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا، جبکہ او آئی سی سے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مزید مؤثر کردار ادا کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔




