ڈنگہ شہر میں گزشتہ سال کیے گئے تجاوزات آپریشن کے دوران ڈیمارکیشن رولز اور ہائیکورٹ کی ہدایات پر عمل نہ کرنے کے معاملے پر ضلعی انتظامیہ کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی ہائیکورٹ میں زیرِسماعت ہے۔ کارروائی اس بنیاد پر کی جا رہی ہے کہ تجاوزات سے متعلق رپورٹس نہ تو مقررہ ڈیمارکیشن قوانین کے مطابق تیار کی گئیں اور نہ ہی قانونی طریقۂ کار (Due Process of Law) کو فالو کیا گیا۔
عدالت کی جانب سے تمام فریقین کو نوٹسز جاری کیے جا چکے ہیں، تاہم ضلعی انتظامیہ کی طرف سے تاحال کوئی جواب جمع نہیں کروایا گیا۔ ذرائع کے مطابق ہائیکورٹ کے روسٹر آف سٹنگ کے بعد ایک بار پھر نوٹسز جاری کیے جائیں گے تاکہ عدالتی کارروائی کو آگے بڑھایا جا سکے۔
متاثرین نمائندہ کمیٹی کے مطابق ڈنگہ میں تجاوزات آپریشن کے دوران ہائیکورٹ کی واضح ہدایات کو نظرانداز کیا گیا، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کمیٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ دار افسران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے اور متاثرین کو انصاف فراہم کیا جائے۔
