اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے نئی سیاسی جماعت پاکستان رائٹس موومنٹ کی بنیاد رکھنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت 1973 کے آئین کے مطابق پاکستان کی تشکیلِ نو اور تعمیرِ نو کرے گی۔ مشتاق احمد خان نے 1973 کے دستور کو ایک نعمت قرار دیتے ہوئے اس کے بانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ آئین پر مکمل عملدرآمد سے پاکستان کو ایک اسلامی، جمہوری اور فلاحی ریاست بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 1973 کے آئین میں حاکمیتِ اعلیٰ اللہ تعالیٰ کی تسلیم شدہ ہے، قرآن و سنت کو سپریم قانون قرار دیا گیا ہے جبکہ وزیراعظم اور صدر کے مسلمان ہونے اور ختمِ نبوت کا حلف لازم قرار دیا گیا ہے۔ مشتاق احمد خان کا کہنا تھا کہ وہ ایسے پاکستان کے خواہاں ہیں جہاں آمریت اور ہائبرڈ نظام نہ ہو بلکہ سچی جمہوریت، ووٹ کا تقدس، اظہارِ رائے کی آزادی، فوری انصاف اور اقلیتوں کے مکمل حقوق ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں جبری گمشدگیوں، ملٹری آپریشنز اور ماورائے عدالت اقدامات کا خاتمہ ہونا چاہیے، جبکہ فلسطین اور کشمیر کی آزادی کے لیے پاکستان کو فرنٹ لائن کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’حقوق، مزاحمت اور اصلاحات‘‘ کے نعرے کے ساتھ پاکستان رائٹس موومنٹ اپنے سیاسی سفر کا آغاز کر رہی ہے۔
سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے نئی سیاسی جماعت ’’پاکستان رائٹس موومنٹ‘‘ کا اعلان کر دیا
