وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے غیر قانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث مافیا کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائیاں جاری رکھنے کے احکامات دے دیے ہیں۔ ان کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے اور کراچی و لاہور زون کے ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔
اجلاس میں ایف آئی اے کے امیگریشن ونگ کی مجموعی کارکردگی، غیر قانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے جاری مہم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ پیشہ ور بھکاری مافیا کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں پر بھی غور کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں اور ائیرپورٹس پر امیگریشن چیکنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ائیرپورٹس پر سفری دستاویزات کی سخت اسکریننگ کو یقینی بنایا جائے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے نام اور وقار پر کسی صورت حرف آنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کا غیر قانونی امیگریشن مافیا کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھنے کا حکم
