اسلام آباد: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں دو نئی ٹیموں حیدرآباد اور سیالکوٹ کو باضابطہ طور پر شامل کر لیا گیا ہے، جس کے بعد لیگ میں ٹیموں کی مجموعی تعداد 8 ہو گئی ہے۔ نئی ٹیموں کی شمولیت کے لیے نیلامی کا عمل جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں علی ترین کے دستبردار ہونے کے بعد 9 مختلف پارٹیز نے حصہ لیا۔
نیلامی کے دوران ایف کے ایس گروپ نے پی ایس ایل کی ساتویں ٹیم 175 کروڑ روپے میں خریدی اور ٹیم کے لیے حیدرآباد شہر کا انتخاب کیا۔ حیدرآباد ٹیم کے مالک فواد سرور کا کہنا تھا کہ وہ حیدرآباد میں پلے بڑھے ہیں اور ان کی خواہش تھی کہ یہ شہر پی ایس ایل میں نمائندگی حاصل کرے۔
اسی طرح پی ایس ایل کی آٹھویں ٹیم کے لیے سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا، جس کے بعد اوزی ڈیولپرز نے 185 کروڑ روپے کی کامیاب بولی دے کر ٹیم حاصل کی اور سیالکوٹ کو بطور ٹیم شہر منتخب کیا۔ یوں پی ایس ایل کی ساتویں اور آٹھویں ٹیمیں مجموعی طور پر 3 ارب 60 کروڑ روپے میں فروخت ہوئیں۔
واضح رہے کہ نیلامی کی اس تاریخی تقریب کو پاکستان کے پہلے اسپورٹس چینل جیو سوپر نے براہ راست نشر کیا۔ وزیرِ اعظم نے پی ایس ایل ٹیموں کے کامیاب آکشن پر پاکستان کرکٹ بورڈ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نئی ٹیموں کی شمولیت سے پی ایس ایل میں نئی روح پھونکی گئی ہے۔
تقریب میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر، وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ سمیت دیگر معززین نے شرکت کی۔ اس موقع پر ہانگ کانگ سکسز اور اے ایف سی ایشیا کپ کی فاتح ٹیم پاکستان شاہینز سمیت نمایاں کھلاڑیوں کو بھی انعامات دیے گئے۔
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 11 کا انعقاد 26 مارچ سے 3 مئی 2026 تک کیا جائے گا۔



