اپریل 20, 2026

روس سے تیل خریدنے والے ممالک پر 500 فیصد امریکی ٹیرف بل پیش ، بھارتی اسٹاک مارکیٹ کریش

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس سے تیل خریدنے والے ممالک پر 500 فیصد تک ٹیرف عائد کرنے کے بل کی حمایت کر دی ہے، جس کے بعد عالمی منڈیوں میں ہلچل مچ گئی ہے۔ بھاری امریکی ٹیرف کی خبروں کے سامنے آتے ہی بھارتی اسٹاک مارکیٹ شدید دباؤ کا شکار ہو گئی اور مسلسل چوتھے روز بھی مندی کا رجحان برقرار رہا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ چار دنوں کے دوران بھارتی اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے تقریباً 9 لاکھ کروڑ روپے ڈوب چکے ہیں۔ امریکی سینیٹر لنزے گراہم کی جانب سے پیش کیے گئے اس نئے ٹیرف بل کو صدر ٹرمپ کی مکمل حمایت حاصل ہے، جبکہ اس کی منظوری اگلے ہفتے متوقع بتائی جا رہی ہے۔

بل کی منظوری کے بعد صدر ٹرمپ کو اختیار حاصل ہو جائے گا کہ وہ روس سے تیل خریدنے والے کسی بھی ملک پر 500 فیصد تک ٹیرف عائد کر سکیں۔ بھارت پہلے ہی 50 فیصد امریکی ٹیرف کے باعث شدید معاشی دباؤ میں ہے، جبکہ نئے بل سے برازیل اور چین بھی بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر یہ بل منظور ہو جاتا ہے تو عالمی تیل تجارت اور ابھرتی معیشتوں پر اس کے گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔