فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بنگلا دیشی فضائیہ کے سربراہ کی ملاقات، دفاعی تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق

راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بنگلا دیش فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل حسن محمود خان نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ دفاعی تعلقات اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ ملاقات جمعرات کو ہوئی، جس میں پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات کے دوران پیشہ ورانہ عسکری تعاون، تربیتی تبادلوں اور باہمی روابط کے فروغ پر بھی زور دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بنگلا دیشی ائیر چیف نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے اس کے کردار کی تعریف کی۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بنگلا دیش کے ساتھ دیرپا اور مضبوط دفاعی تعلقات کے عزم کا اعادہ کیا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں فریقین نے پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور دفاعی شراکت داری کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔

Exit mobile version