آسٹریلیا نے اپنے شہریوں کو فوری طور پر ایران چھوڑنے کی ہدایت جاری کر دی

آسٹریلوی حکومت نے ایران میں جاری پرتشدد مظاہروں اور غیر مستحکم سکیورٹی صورتحال کے باعث اپنے شہریوں کو جلد از جلد ملک چھوڑنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ حکومت کی جانب سے بدھ کے روز جاری کی گئی تازہ ٹریول ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی آسٹریلوی شہری اس وقت ایران میں موجود ہے تو وہ فوری طور پر واپسی کے انتظامات کرے۔

ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا ہے کہ ایران میں جاری مظاہرے بغیر کسی پیشگی اطلاع کے مزید شدت اختیار کر سکتے ہیں جبکہ مجموعی سکیورٹی صورتحال انتہائی غیر یقینی ہے۔ بیان میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ موجودہ حالات میں ایران میں آسٹریلوی شہریوں کو قونصلر مدد فراہم کرنے کی صلاحیت نہایت محدود ہو چکی ہے۔

آسٹریلوی حکومت نے خاص طور پر دوہری شہریت رکھنے والے افراد کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے اور خبردار کیا ہے کہ انہیں حراست میں لیے جانے کا خطرہ نسبتاً زیادہ ہو سکتا ہے۔ یاد رہے کہ تہران میں آسٹریلوی سفارت خانے نے گزشتہ برس ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے دوران اپنی سرگرمیاں معطل کر دی تھیں، جس کے بعد سے سفارتی خدمات محدود ہیں۔

Exit mobile version